صبح صبح افسوسناک خبر آگئی ،زیارت میں دہشتگردوں کا حملہ، 9 پولیس اہلکار شہید

صبح صبح افسوسناک خبر آگئی ،زیارت میں دہشتگردوں کا حملہ، 9 پولیس اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی فورسز نے سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں نے زیارت کے علاقے کچھ مانگی فیز تھری میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد دہشتگردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جو گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے جاری رہا۔

ڈپٹی کمشنر زیارت نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں شہید ہونے والے 9 پولیس اہلکاروں کی میتیں ضلعی ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال زیارت منتقل کر دی گئی ہیں، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد انہیں آبائی علاقوں کو روانہ کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق دہشتگردوں نے منصوبہ بندی کے تحت پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ واقعے کے فوراً بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری علاقے میں پہنچ گئی اور دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے مختلف داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ حساس مقامات پر بھی سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور متعلقہ ادارے حملے کی نوعیت اور اس میں ملوث عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

زیارت میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی اور امن خراب کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Scroll to Top