وزیراعظم شہباز شریف اور امیرِ قطر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی امن پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں پاکستان اور قطر نے خطے میں امن، استحکام اور سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی صورتحال، حالیہ کشیدگی اور امن کے فروغ کے لیے جاری سفارتی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ حملوں کے تناظر میں قطر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور غیرمتزلزل حمایت کا اظہار کیا۔

انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے اجتناب کریں جو خطے کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچا سکتے ہوں۔

وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding) تک پہنچنے اور برگن اسٹاک میں اعلیٰ سطحی تکنیکی مذاکرات کے پہلے مرحلے کے انعقاد میں قطر کے مسلسل تعاون پر امیرِ قطر کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر نے علاقائی امن، مذاکرات اور اعتماد سازی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے سفارتی رابطوں اور بامقصد مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، علاقائی کشیدگی پر تشویش کا اظہار

انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے تمام وعدوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ خطے میں کشیدگی کا خاتمہ اور پائیدار استحکام ممکن بنایا جا سکے۔

امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ قطر خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنا تعاون بدستور جاری رکھے گا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے، مشترکہ دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

Scroll to Top