ٹیکس کے خلاف ملاکنڈ میں سیاسی قوتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گی، میاں افتخار حسین

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے اعلان کیا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن پر ٹیکس کے نفاذ کے خلاف بروز پیر دوپہر 2 بجے مالاکنڈ میں لویہ جرگہ منعقد ہوگا، جس میں تمام سیاسی، سماجی اور عوامی نمائندوں کو مشترکہ لائحۂ عمل کی تشکیل کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

اپنے بیان میں میاں افتخار حسین نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن پر ٹیکس کا مسئلہ پورے خطے کے عوام کا مشترکہ مسئلہ ہے، اس لیے تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

انہوں نے تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ بروقت جرگے میں شرکت کرکے مشترکہ جدوجہد کا حصہ بنیں۔

اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ ایک جانب ملاکنڈ ڈویژن کو دوبارہ امن و امان کے چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ دوسری جانب حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے ان پر ٹیکس نافذ کر رہی ہے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملاکنڈ میں ٹیکس پر ن لیگ بھی میدان میں، امیر مقام کا احتجاجی تحریک کی حمایت کا اعلان

میاں افتخار حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام سیاسی و سماجی قوتوں کے ساتھ مل کر ملاکنڈ ڈویژن پر ٹیکس کے خلاف بھرپور اور پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

Scroll to Top