شہداءاور غازی قوم کا فخر ہیں، ان کی عزت اور احترام کو کسی دولت سے نہیں خریدا جا سکتا،خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ شمالی وزیرستان کے آپریشن کے دوران وطن پر اپنی دونوں ٹانگیں نچھاور کرنے والے غازی فوجی جوان کا اپنے آبائی علاقے میں والہانہ اور مثالی استقبال کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں وزیردفاع نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سندھ کے علاقے ٹنڈو اللہ یار سے تعلق رکھنے والے اور وطن پر اپنی دونوں ٹانگیں نچھاور کرنے والے غازی سپاہی عزیر کی صحت یاب ہونے کے بعد آبائی علاقے میں واپسی ہوئی ہے اور غازی کی اپنے علاقے میں واپسی پر مقامی شہریوں کی جانب سے شاندار استقبالیہ ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ سپاہی محمد عزیر دس مئی دو ہزار چھبیس کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خوارج کے بارودی دھماکے میں شدید زخمی ہوئے تھے جہاں وطن کے دفاع کے دوران ان کی دونوں ٹانگیں ضائع ہوگئیں۔ سی ایم ایچ پشاور سے علاج مکمل ہونے کے بعد آبائی علاقے پہنچنے پر مقامی شہریوں نے انہیں بھرپور محبت، احترام اور عقیدت کے ساتھ خوش آمدید کہا۔

خواجہ آصف نے لکھا کہ ریلی میں شہریوں، بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قومی پرچم اٹھا کر پاک فوج سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے غازی سپاہی محمد عزیر کی قربانی کو سلام پیش کیا۔

ریلی کے دوران شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہمیشہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی، کیونکہ شہداء اور غازی پوری قوم کا فخر اور وطن کے اصل ہیرو ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ‏ فضل الرحمان کا بلڈ ٹیسٹ کروائیں اگر اس کے خون میں الکوحل نہ نکلے میں معافی مانگ لوں گا،فیاض الحسن چوہان کا پرانا بیان وائرل

وزیر دفاع نے اپنے بیان کے آخر میں لکھا کہ یہ وہ عزت، محبت اور احترام ہے جو قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو پیش کرتی ہے، اور یہ وہ سرمایہ ہے جسے نہ تنخواہوں سے خریدا جا سکتا ہے اور نہ ہی دولت سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top