سوات کے امن دشمنوں کے گرد گھیرا تنگ، پاک آرمی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن

سوات : سوات پولیس اور پاک آرمی نے ضلع سوات کی تحصیل کبل کے پہاڑی علاقوں میں ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مشترکہ گرینڈ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا۔

ترجمان سوات پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان کی قیادت میں ہونے والے آپریشن میں پاک آرمی، سوات پولیس، ایلیٹ فورس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس)، ڈی ایس بی اور مقامی افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔

آپریشن تھانہ کبل کی حدود میں واقع پہاڑی علاقوں قلاگے اور جکڑ بابا میں کیا گیا، جہاں شرپسند عناصر کے ممکنہ ٹھکانوں کی تلاشی لی گئی۔

اس دوران علاقے کے معززین سے ملاقاتیں بھی کی گئیں اور مشکوک افراد و سرگرمیوں سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عمر خان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : یو اے ای کا بڑا فیصلہ، 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزا مزید آسان

ان کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کا مقصد موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی اور ان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنا ہے۔

ڈی پی او سوات نے واضح کیا کہ کسی کو بھی ریاستی رٹ چیلنج کرنے یا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سوات پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل طور پر الرٹ ہے اور سوات کے امن میں خلل ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

Scroll to Top