یومِ دفاع و شہداء، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف کا شہدائے وطن کو سلام

Pakistan SCO Summit 2026

یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر مسلح افواج نے شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدائے پاکستان کو سلام پیش کیا۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے غازیوں اور شہداء کے اہل خانہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں اور خدمات پر اظہار تشکر کیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، جرأت اور عزم کی لازوال علامت ہے۔ 1965ء کی جنگ میں پاکستانی قوم مادر وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر کھڑی ہوئی اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ دشمن کا مقابلہ کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شہدائے پاکستان فرض، غیرت اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کے امین ہیں۔ وطن کے محافظوں نے میدان جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں عظیم قربانیاں دیں، جبکہ پاکستان کے محافظوں کی نسل در نسل خدمات اور قربانیاں بے مثال وفاداری کی عکاس ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:یومِ دفاع پاکستان، 6 ستمبر 1965 کا معرکہ، پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدائے پاکستان کی لازوال میراث آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔ شہداء کے اہل خانہ بھی عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کی دائمی علامت ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ قوم اپنے شہداء، غازیوں اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، جبکہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت قومی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top