متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت نے نجی شعبے میں کام کرنے والے غیر ملکی ملازمین کے لیے ان تین بنیادی حالات کی وضاحت کر دی ہے جن کی خلاف ورزی پر ان پر 12 ماہ کے لیے نیا ورک پرمٹ حاصل کرنے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق ان تین اہم وجوہات میں سے پہلی وجہ پروبیشن پیریڈ کے دوران بغیر کسی جائز سبب کے نوکری چھوڑنا ہے، بشرطیکہ مالک یا آجر نے معاہدے کے تمام تقاضے پورے کیے ہوں۔
دوسری وجہ بغیر بتائے ڈیوٹی سے غائب رہنا ہے، اگر آجر کی جانب سے ملازم کے خلاف غیر حاضری یا نوکری چھوڑنے کی رپورٹ درج ہو کر تصدیق ہو جائے تو بھی ایک سال کی پابندی لگ سکتی ہے۔
تیسری اہم وجہ کسی جعلی یا غیر موجود کمپنی کے ورک پرمٹ کا حامل ہونا ہے، ایسی صورت میں پرمٹ کی منسوخی کے ساتھ ساتھ متعلقہ شخص پر ایک سال کے لیے امارات میں کام کرنے پر پابندی عائد ہو جائے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اس ایک سال کی پابندی کے دوران متاثرہ شخص اماراتی نجی شعبے میں کوئی نئی باقاعدہ ملازمت حاصل نہیں کر سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں : نیٹ میٹرنگ سے متعلق سولر صارفین کیلئے بڑی خبر
حکومت نے یو اے ای میں ملازمت کے خواہش مند اور موجودہ ورکرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ادارے کے ساتھ معاہدہ کرنے یا ملازمت تبدیل کرنے سے قبل کمپنی کی قانونی حیثیت اور اپنے اگریمنٹ کی اچھی طرح تصدیق کر لیں۔





