دبئی: معروف بین الاقوامی فضائی کمپنی ایمریٹس نے طلبا کے لیے خصوصی سفری پیشکش کا اعلان کرتے ہوئے فضائی کرایوں میں رعایت، اضافی سامان ساتھ لے جانے اور بکنگ میں لچکدار تبدیلیوں کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
ایئرلائن کے مطابق 16 سے 31 سال کی عمر کے طلبا اس خصوصی آفر سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت اکانومی کلاس کے کرایوں پر 10 فیصد جبکہ پریمیم اکانومی اور بزنس کلاس کے کرایوں پر 5 فیصد تک رعایت دی جا رہی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش دنیا بھر کے 140 سے زائد مقامات پر تعلیم، تعطیلات یا دیگر مقاصد کے لیے سفر کرنے والے طلبا کے لیے دستیاب ہے۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ٹکٹ بک کرتے وقت STUDENT پروموشنل کوڈ استعمال کرنا ہوگا۔ یہ آفر 31 مارچ 2027 تک کی جانے والی بکنگ پر لاگو رہے گی۔
ایمریٹس نے طلبا کو سامان کی نقل و حمل میں بھی اضافی سہولت فراہم کی ہے۔ پیشکش کے تحت مسافر اپنی ٹکٹ پر لاگو سامان کی پالیسی کے مطابق اضافی 10 کلوگرام وزن یا ایک اضافی بیگ ساتھ لے جا سکیں گے، جس سے بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو اپنے ضروری سامان کی منتقلی میں آسانی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے لیے بڑی معاشی خوشخبری، سعودی عرب نے اہم فیصلہ کر دیا
البتہ ایئرلائن نے واضح کیا ہے کہ کینیڈا اور امریکا جانے یا وہاں سے آنے والی پروازوں پر معمول کے سامان سے متعلق قواعد ہی لاگو ہوں گے، لہٰذا ان روٹس پر سفر کرنے والے طلبا کو متعلقہ پالیسی کے مطابق سفر کرنا ہوگا۔
کمپنی کے مطابق اس خصوصی آفر میں بکنگ میں لچکدار تبدیلیوں کی سہولت بھی شامل ہے تاکہ طلبا اپنے سفری منصوبوں میں تبدیلی کی صورت میں اپنی پرواز میں ترمیم کر سکیں، تاہم اس حوالے سے شرائط اور ممکنہ اضافی فیس کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
ایمریٹس کا کہنا ہے کہ اس پیشکش کا مقصد دنیا بھر میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو کم لاگت اور زیادہ سہولت کے ساتھ سفر کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی تعلیمی ضروریات کے مطابق آسانی سے سفری منصوبہ بندی کر سکیں۔





