واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) اور متحدہ عرب امارات نے دفاعی شعبے میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے فروغ کے لیے پہلی مشترکہ دوطرفہ اے آئی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سینٹکام کے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے، جبکہ مشترکہ اے آئی ٹاسک فورس آئندہ چند ہفتوں میں باضابطہ طور پر اپنی سرگرمیاں شروع کرے گی۔
ترجمان سینٹکام کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس میں امریکا اور متحدہ عرب امارات کے مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے 20 ماہر اہلکار شامل ہوں گے، جو جدید دفاعی منصوبوں اور ٹیکنالوجی پر مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی فوجی اڈوں پر داغے گئے ایران کے تمام بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ، سینٹکام
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد فوجی نوعیت کی مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپلی کیشنز کی تیاری، ان کی عملی صلاحیتوں میں تیزی سے بہتری اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دفاعی استعداد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
سینٹکام کے مطابق یہ مشترکہ اے آئی ٹاسک فورس امریکا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی جہت دے گی اور مستقبل میں مصنوعی ذہانت پر مبنی عسکری منصوبوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔





