لاکھوں پنشنرز کے لیے اہم خبر، بجٹ اضافہ شدہ پنشن کی ادائیگی مؤخر

اسلام آباد: وفاقی بجٹ 2026-27 میں پنشن میں 7 فیصد اضافے کے اعلان کے باوجود ملک بھر کے لاکھوں ریٹائرڈ ملازمین کو یکم اگست کو نئی شرح کے مطابق پنشن کی ادائیگی نہیں ہو سکے گی، اور انہیں رواں ماہ پرانی شرح کے مطابق ہی پنشن ملے گی۔

ذرائع کے مطابق پنشن میں اضافے کا نوٹیفکیشن ادائیگی کی تاریخ سے صرف دو روز قبل 29 جولائی کو جاری ہونے کے باعث بینکوں اور متعلقہ اداروں کو نئی شرح کے مطابق ادائیگیوں کا ڈیٹا اپ ڈیٹ کرنے کے لیے مناسب وقت نہیں مل سکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وقت کی کمی کے باعث اگست کی پنشن میں اضافہ شامل نہیں کیا جا سکا، تاہم پنشنرز کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ستمبر میں اضافہ شدہ پنشن تمام بقایا جات (ایریئرز) سمیت ادا کر دی جائے گی۔

پنشنرز میں تشویش کی لہر

دوسری جانب اگست میں اضافہ شدہ رقم نہ ملنے پر ریٹائرڈ ملازمین میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ پنشنرز کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں بجٹ میں اعلان کردہ اضافے سے انہیں فوری ریلیف کی امید تھی، تاہم نوٹیفکیشن میں تاخیر کے باعث انہیں ایک ماہ مزید انتظار کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ انتقال کر گئے

ریٹائرڈ ملازمین کے حلقوں کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث پنشن میں بروقت اضافہ ضروری تھا، جبکہ تاخیر سے انہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

حکام کے مطابق پنشن میں 7 فیصد اضافے کی رقم آئندہ ادائیگی میں بقایا جات کے ساتھ شامل کر دی جائے گی۔

Scroll to Top