سابق کرکٹرز کے خلاف کارروائی کا اعلان

پی سی بی کا غیر رجسٹرڈ لیگ کھیلنے والے سابق کرکٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین لیجنڈز لیگ میں سابق قومی کرکٹرز کی شرکت کا نوٹس لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ لیگ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی منظور شدہ نہیں ہے اور اس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

لاہور: ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق آئی سی سی نے ایشین لیجنڈز لیگ کو غیر منظور شدہ ایونٹ قرار دیا ہے، ایسے میں کسی بھی موجودہ یا سابق پاکستانی کرکٹر کے لیے اس لیگ میں شرکت سے قبل پی سی بی سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کرنا لازمی تھا۔

ترجمان نے خبردارکیا کہ پی سی بی سے این او سی حاصل کیے بغیرغیرمنظور شدہ لیگ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی دو سال تک پی سی بی کے کسی بھی پروگرام، سرگرمی یا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کسی بھی عہدے یا ذمہ داری کے لیے نااہل قرار دیئے جا سکتے ہیں۔

پی سی بی نے کہا کہ وہ آئی سی سی کے ضوابط پر مکمل عمل درآمد اورکھیل کی ساکھ کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ بورڈ دیگر رکن کرکٹ بورڈزاورآئی سی سی کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ بین الاقوامی قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق آئی سی سی نے تمام رکن بورڈز کو واضح ہدایت دے رکھی ہے کہ ان کے کھلاڑی کسی بھی غیر ملکی کرکٹ ایونٹ میں شرکت سے قبل اپنے متعلقہ ہوم بورڈ سے این او سی حاصل کریں۔

Scroll to Top