پاکستان کی عسکری قیادت نے یومِ استحصالِ کشمیر پر دوٹوک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کشمیری عوام کےحقِ خودآرادیت کیلئے جاری جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا عزم بھی دہرا دیا، بھارت کا غیر قانونی قبضہ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور مقبوضہ علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں شدید تشویش کا باعث ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا ہے۔ پاکستان کی افواج اور عوام کشمیریوں کےشانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔





