وزیراعظم کا اہم دورۂ سعودی عرب، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ہمراہ ہوں گے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج سے سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف 6 سے 8 اگست تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم سعودی قیام کے دوران سعودی فرمانروا سے بھی ملاقات کریں گے۔

طاہر حسین اندرابی نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور معاملات کے حل کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کی صورتحال میں عمان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمان نے تنازع کے حل کے لیے مخلصانہ کوششیں کی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے 30 جولائی کو سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ کیا، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ سے بھی خطے کی صورتحال پر بات چیت کی اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے رواں ہفتے اردن کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے فلسطین بالخصوص بیت المقدس کی صورتحال سے متعلق اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جبکہ انہوں نے آر 4 اجلاس میں بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم شہبازشریف 2 روزہ سرکاری دورے پر آج سعودی عرب جائیں گے

آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق بھارتی بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے پاس آزاد کشمیر کے جمہوری عمل پر تبصرہ کرنے کا کوئی اخلاقی یا قانونی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات شفاف انداز میں جاری ہیں اور بھارت غلط معلومات پھیلا کر مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

بنگلہ دیش کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بنگلہ دیشی عوام اپنے معاملات خود حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور پاکستان اس معاملے میں ان کے فیصلوں کا احترام کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان برادر ممالک کے ساتھ مل کر خطے کے مسائل کے حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

Scroll to Top