ٹیکنالوجی کی دنیا میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں گوگل کی معروف آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ایپ ’جیمینائی‘ کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 1 ارب سے تجاوز کر گئی ہے۔
گوگل کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس پیش رفت کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جیمینائی گوگل کی 14ویں ایسی پروڈکٹ بن گئی ہے جس نے 1 ارب صارفین کا سنگ میل عبور کیا ہے۔
انہوں نے اس کامیابی کو کمپنی کی تاریخ میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی مصنوعات میں سے ایک قرار دیا۔
یہ تاریخی پیش رفت اے آئی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی شدید مسابقت کے دوران سامنے آئی ہے، جس نے جیمینائی کو اوپن اے آئی کےچیٹ جی پی ٹی کے برابر لا کھڑا کیا ہے جس نے جون 2026 میں 1 ارب صارفین کا حدف حاصل کیا تھا۔
گوگل حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ اعداد و شمار صرف جیمینائی ایپ کے ہیں اور ان میں گوگل سرچ، ورک اسپیس یا اینڈرائیڈ کے ذریعے اے آئی استعمال کرنے والے دیگر کروڑوں صارفین شامل نہیں ہیں۔
کمپنی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جیمینائی کا استعمال محض تحریر تک محدود نہیں رہا بلکہ 63 فیصد صارفین وائس فیچر کے ذریعے اے آئی سے براہ راست گفتگو کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دیر بالا: بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل میں طالب علموں کا وائس چانسلر پر حملہ، دفاتر میں توڑ پھوڑ
اس کے علاوہ ایپ روزانہ 150 ملین سے زائد تصاویر بھی تیار کر رہی ہے۔ جیمینائی کی مقبولیت صرف اینڈرائیڈ تک محدود نہیں بلکہ آئی او ایس (آئی فون) پر بھی اس کے فعال صارفین 100 ملین کی حد پار کر چکے ہیں۔





