دیر بالا: بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل میں طالب علموں کا وائس چانسلر پر حملہ، دفاتر میں توڑ پھوڑ

ناصرزادہ
شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل میں پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) کے مشتعل طلبہ نے وائس چانسلر کے دفتر پر حملہ کر دیاجہاں یونیورسٹی ملازمین نے بروقت مداخلت کر کے وائس چانسلر کو بچایا اور محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

واقعے کے دوران ایڈمنسٹریشن بلاک میں شدید توڑ پھوڑ کی گئی جس سے شیشے ٹوٹ گئے اور دفاتر کو نقصان پہنچا۔

ترجمان یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ حالات کے پیشِ نظر طلبہ کو حلف برداری کی اجازت نہیں دی گئی تھی جس پر وہ مشتعل ہو گئے۔

ترجمان کے مطابق طلبہ نے ملازمین پر تشدد بھی کیا جس پر ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے تھانہ شرینگل میں درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما نجم الدین خان نے موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے اندر اجازت نہ ملنے پر وہ باہر گیٹ کے سامنے حلف برداری کر رہے تھےتاہم یونیورسٹی انتظامیہ نے جان بوجھ کر بجلی بند کر دی جس سے طلبہ میں اشتعال پھیلا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: شادی سے انکار پر لڑکی کا لڑکے پر تیزاب سے حملہ اور فائرنگ، مقدمہ درج

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس دوران چند طلبہ زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک کو تیمرگرہ منتقل کر دیا گیا ہےاور یونیورسٹی انتظامیہ سے اس کا حساب لیا جائے گا۔

Scroll to Top