سلمان یوسفزئی
پشاور: خیبرپختونخوا میں سروائیکل کینسر (رحم کے سرطان) سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم 2 سے 14 نومبر تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے دوران 9 سے 14 سال کی عمر کی 29 لاکھ 34 ہزار 481 بچیوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔
محکمہ صحت کے مطابق ویکسینیشن مہم کے دوران اسکولوں اور دینی مدارس میں بچیوں کو ویکسین فراہم کی جائے گی۔ مہم کی کامیابی کے لیے علماء اور اساتذہ کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق پاکستان میں ہر سال سروائیکل کینسر کے 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوتے ہیں جبکہ اس مرض کے باعث سالانہ تقریباً 3 ہزار اموات ہوتی ہیں۔
ڈاکٹر محمد ایاز کا کہنا ہے کہ بروقت ویکسینیشن اور اسکریننگ کے ذریعے سروائیکل کینسر کے خطرے کو بڑی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار تیز، مزید 50 کیسز رپورٹ
ڈاکٹر ادریس نے سروائیکل کینسر کو انتہائی خطرناک مرض قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔
یونیسف کنسلٹنٹ کامران قریشی کے مطابق دنیا کے 162 ممالک سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین کو اپنے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں شامل کرچکے ہیں۔ ان کے مطابق سعودی عرب، ترکیہ، انڈونیشیا، ملائیشیا سمیت دیگر اسلامی ممالک میں بھی ویکسینیشن کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ویکسین سے انکار کرنے والے والدین کے تحفظات دور کرنے کے لیے خصوصی کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں گی، جبکہ مہم کی کامیابی کے لیے میڈیا کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔





