پشاور: پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں نشئی افراد کی جانب سے مبینہ طور پر سکیورٹی کیمروں، میٹروں، تاروں اور دیگر آلات کی چوری کے واقعات سامنے آنے لگے ہیں، جبکہ شہری موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان سے بھی محروم ہونے کی شکایات کررہے ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق حیات آباد کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی کیمرے، تاریں اور دیگر قیمتی آلات چوری کرنے والے مبینہ ملزمان کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
گزشتہ دنوں باچا خان چوک میں بھی ایک نشئی کو دن دیہاڑے 11 ہزار لائن کاٹنے کی کوشش کے دوران پکڑا گیا تھا۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حیات آباد میں نشئی افراد کی مبینہ سرگرمیاں صرف چوری تک محدود نہیں رہیں بلکہ حالیہ عرصے میں شہریوں سے موبائل فون اور دیگر سامان چھیننے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور پولیس پی آر او کے گھر پر نقاب پوش مسلح افراد کا حملہ، عالم خان زخمی
شہریوں کے مطابق نشئی افراد کی موجودگی اور مبینہ وارداتوں کے باعث خصوصاً راہ چلتے بچوں اور خواتین میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔
مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حیات آباد میں نشئی افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی کے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔





