اے پلس لینے والے طالب علم کو بیالوجی میں صفر نمبر کیوں ملے؟ پشاور ہائیکورٹ نے کنٹرولر امتحانات کو طلب کرلیا

پشاور ہائیکورٹ نے بیالوجی کے تھیوری پرچے میں طالب علم کو صفر نمبر دیے جانے کے معاملے پر کنٹرولر امتحانات کو طلب کرتے ہوئے متعلقہ طالب علم کا پرچہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

پشاور ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جس کے مطابق عدالت نے کنٹرولر امتحانات کو ہدایت کی ہے کہ طالب علم عبدالمعیز کا بیالوجی کا تھیوری پرچہ معائنے کے لیے پیش کیا جائے۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ طالب علم نے دیگر تمام مضامین میں اے پلس گریڈ حاصل کیا، تاہم بیالوجی کے تھیوری پرچے میں اسے صفر نمبر دیے گئے۔

وکلا نے بیالوجی کے پرچے میں صفر نمبر دیے جانے پر پرچے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے عدالت سے معاملے کا جائزہ لینے کی استدعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: زیارت واقعے کی تحقیقات کیلئےبلوچستان ہائیکورٹ نے تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے دیا

عدالت نے کنٹرولر امتحانات سے متعلقہ طالب علم کا بیالوجی کا پرچہ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 25 اگست تک ملتوی کردی۔

Scroll to Top