وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے افغان مہاجرین کے انخلا کی مخالفت کردی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے افغان مہاجرین کے انخلا کی مخالفت کردی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے افغان مہاجرین کو پاکستان سے نکالنے کے حکومتی فیصلے کی مخالفت  کردی۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کا انخلا حساس معاملہ ہے اس سے حالات مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت افغانستان کے ساتھ مذاکرات کی حامی ہے کیونکہ جب تک افغانستان کو اعتماد میں نہیں لیا جائے گا، دہشتگردی کے واقعات پر قابو پانا مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سرحدیں افغانستان سے ملتی ہیں اس لیے ان معاملات پر بات چیت ضروری ہے،  جن افغان باشندوں کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں انہیں پاکستان میں رہنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ علی امین گندا پور نے کہا کہ افغان مہاجرین کی پاکستان میں موجودگی سے تقریباً تین بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے جو ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: طورخم بارڈر کی بندش ، پاک افغان سالانہ تجارتی حجم میں ایک ارب ڈالر کی کمی

انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ان افغان باشندوں کے لیے آواز بلند کرتے رہے ہیں جو قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہیں اور کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ افغان مہاجرین کے مسئلے کو زبردستی ملک بدری کے بجائے سفارتی اور پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

Scroll to Top