اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی بہن نورین نیازی سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی یا پارٹی قیادت کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد نورین نیازی سے فون پر رابطہ ہوا تھا۔ ان کے مطابق نورین نیازی نے ملاقات کی تفصیلات شیئر نہیں کیں اور کہا تھا کہ وہ باہر آکر اس بارے میں بات نہیں کریں گی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ نورین نیازی اور عمران خان کی ملاقات سے متعلق من گھڑت خبریں گردش کر رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی پارٹی قیادت سے ناراضگی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور تعلیمی بورڈ کی فیسوں میں ہوشربا اضافہ، ایمل ولی خان کا شدید ردعمل
انہوں نے کہا کہ ملاقات کے بعد نورین نیازی اپنے بھائی سے مل کر خوش تھیں، تاہم ملاقات کی تمام تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر نہیں کی جاسکتیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے لوگوں سے اپیل کی کہ بانی پی ٹی آئی سے منسوب من گھڑت باتیں نہ پھیلائی جائیں۔
واضح رہے کہ 18 اگست کو اڈیالہ جیل میں نورین نیازی کی عمران خان سے ملاقات کرائی گئی تھی۔ ملاقات کے بعد مختلف سیاسی اور سوشل میڈیا حلقوں میں اس حوالے سے قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں، جن کی بیرسٹر گوہر نے تردید کردی ہے۔





