پاکستان میں عیدالفطر کب ہوگی؟ ماہرین فلکیات نے تاریخ بتا دی

ماہرین فلکیات نے عیدالفطر 2025ء کی متوقع تاریخوں کے حوالے سے مختلف پیشگوئیاں جاری کی ہیں، تاہم مصر اور اماراتی ماہرین کے تجزیے ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔

 عرب میڈیا کے مطابق مصر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار آسٹرونومیکل اینڈ جیو فزیکل ریسرچ نے پیشگوئی کی ہے کہ عرب دنیا میں رمضان المبارک 29 دن کا ہوگا اور عیدالفطر 30 مارچ (اتوار) کو ہونے کا قوی امکان ہے۔

مصر کے ماہرین کا کہنا ہے کہ 29 مارچ کو دنیا کے 30 شہروں میں شوال کا چاند نظر آنے کا امکان ہے، جن میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض، انقرہ، تہران، مسقط، کراچی، لندن، ماسکو اور اوٹاوہ شامل ہیں۔ ان پیشگوئیوں کے مطابق عیدالفطر 30 مارچ کو منائی جائے گی۔

پاکستان میں رمضان المبارک 2 مارچ کو شروع ہوا تھا، جس کے مطابق 29 مارچ کو پاکستان میں 28 واں روزہ ہوگا۔ اس حساب سے پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا امکان کم ہے، کیونکہ اسلامی مہینہ کم سے کم 29 دن کا ہوتا ہے اور 29 مارچ کو چاند دیکھنے کا امکان نہیں۔

یہ بھی پڑھیں تیس سے زائد ممالک میں عیدالفطر 30مارچ کو ہونے کی پیشگوئی

دوسری جانب اماراتی آسٹرونومی سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے کہا کہ عرب دنیا میں عیدالفطر 30 مارچ (اتوار) یا 31 مارچ (پیر) کو منائی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 29 مارچ کو دوپہر 2:58 بجے (مقامی وقت) پر شوال کا چاند پیدا ہوگا، لیکن چاند کی عمر صرف 3 گھنٹے ہوگی، جس کی وجہ سے سورج غروب ہونے تک چاند دیکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو عید 31 مارچ کو منائی جائے گی۔

Scroll to Top