تہران : امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے، جس کے بعد ایرانی ریال امریکی ڈالر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک امریکی ڈالر کی قیمت 20 لاکھ ایرانی ریال سے بھی تجاوز کرگئی ہے، جس سے ملک میں مہنگائی اور عوام کی قوت خرید پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنگ سے قبل 20 لاکھ ایرانی ریال میں تقریباً 4 کلو ٹماٹر، آدھا کلو مرغی اور ایک لیٹر سے کچھ کم کھانے کا تیل خریدا جاسکتا تھا، تاہم موجودہ صورتحال میں اتنی ہی رقم سے ان اشیا کی نصف مقدار بھی خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات کے بعد یٹرول کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی مارکیٹ میں ٹماٹر کی اوسط قیمت میں 71 فیصد، مرغی کی قیمت میں 74 فیصد جبکہ کھانے کے تیل کی قیمت میں 177 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
ایرانی کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی کے باعث اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے عام شہریوں کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا مزید مشکل بنا دیا ہے۔





