کلرسیداں میں افسوسناک حادثہ، ڈیم میں ڈوبنے سے ماں، بیٹا اور بیٹی جاں بحق

راولپنڈی: پنجاب کے شہر راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں جانوروں کو پانی پلانے کے دوران مقامی ڈیم میں ڈوبنے سے ماں، بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کلرسیداں کے گاؤں ترکھی میں 8 سالہ صبیح الحسن جانوروں کو مقامی ڈیم سے پانی پلا رہا تھا کہ اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث وہ ڈیم میں جا گرا۔

بچے کو ڈوبتا دیکھ کر اس کی 46 سالہ والدہ بینش اور 9 سالہ بہن عروج نے اسے بچانے کے لیے پانی میں چھلانگ لگا دی، تاہم ڈیم میں پانی کی گہرائی زیادہ ہونے کے باعث تینوں ڈوب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور ماں اور بیٹی کو پانی سے نکال کر تشویشناک حالت میںہسپتال منتقل کیا، تاہم دونوں دورانِ علاج جانبر نہ ہوسکیں۔

یہ بھی پڑھیں : سانحہ پمز: معطل افسران کا نوٹیفکیشن جاری، نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات

بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں نے 8 سالہ صبیح الحسن کی لاش بھی ڈیم سے نکال لی۔ ایک ہی گھر سے ماں، بیٹے اور بیٹی کے جنازے اٹھنے پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں ڈاکٹر سیدہ زینب حسین بھی واقعے کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئیں اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

اہل علاقہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیم کے اطراف حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور ایسے مقامات پر مناسب حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top