باجوڑ کے نوجوان کا کارنامہ، 6 سال کی محنت سے اپنی مدد آپ کے تحت ہیلی کاپٹر تیار

Pakistan SCO Summit 2026

باجوڑ: خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان سبحان اللہ نے محدود وسائل کے باوجود اپنی مدد آپ کے تحت 6 سال کی مسلسل محنت کے بعد ہیلی کاپٹر تیار کرلیا، جس کے بعد وہ مقامی سطح پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

سبحان اللہ کے مطابق انہیں بچپن ہی سے مشینری اور نئی چیزیں تیار کرنے کا شوق تھا۔ انہوں نے کم عمری میں موٹر سائیکل مکینک کا کام سیکھا، جس کے بعد مشینوں اور مختلف آلات کے بارے میں ان کی دلچسپی مزید بڑھتی گئی۔

اسی شوق کو عملی شکل دیتے ہوئے انہوں نے ہیلی کاپٹر کی تیاری پر کام شروع کیا اور تقریباً 6 سال کی محنت کے بعد اسے مکمل کیا۔

نوجوان نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کی تیاری کے لیے درکار پرزہ جات اور دیگر سامان حاصل کرنے کی غرض سے انہیں لاہور، تیمرگرہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں کا سفر کرنا پڑا، جبکہ محدود مالی وسائل بھی ان کے لیے ایک بڑا چیلنج رہے۔

یہ بھی پڑھیں : حیات آباد کے سرکاری پرائمری سکول میں بچوں سے صفائی کروانے پر 5 اساتذہ معطل

سبحان اللہ کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر کو باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں ان کے تیار کردہ ہیلی کاپٹر کا آزمائشی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق حکام کی جانب سے کامیاب تجربے کی صورت میں ہیلی کاپٹر کو اڑانے کی اجازت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ہیلی کاپٹر تیار کرنے کے تجربے کے بعد اب وہ اسی نوعیت کا دوسرا ہیلی کاپٹر ایک ہفتے کے اندر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ مستقبل میں مزید جدید اور بڑے منصوبوں پر بھی کام کرسکتے ہیں۔

سبحان اللہ نے اپنے اس سفر میں اہل خانہ کے تعاون کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ ان کے خاندان نے مشکل حالات کے باوجود ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں کام جاری رکھنے میں مدد فراہم کی۔

ہیلی کاپٹر تیار کرنے والے نوجوان کا تعلق باجوڑ کے محنت کش طبقے سے ہے۔ ان کا خاندان سیزن کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں چپل فروخت کرکے روزگار حاصل کرتا ہے۔

محدود وسائل سے تعلق رکھنے کے باوجود سبحان اللہ نے اپنی صلاحیت اور مسلسل محنت سے مقامی سطح پر اپنی ایک الگ پہچان بنالی ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top