چارسدہ : ضلع چارسدہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بجلی کے زیادہ بل کی شکایت لے کر پیسکو اربن سب ڈویژن چارسدہ آنے والا تقریباً 80 سالہ شہری دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔
ورثاء کے مطابق نور حسن، سٹیشن کورونہ چارسدہ سٹی کے رہائشی اور محکمہ تعلیم کے ریٹائرڈ ملازم تھے۔ وہ اپنے بجلی کے میٹر پر آنے والے زیادہ بل سے متعلق شکایت درج کرانے کے لیے پیسکو اربن سب ڈویژن چارسدہ پہنچے تھے۔
اہلخانہ کا الزام ہے کہ پیسکو دفتر میں نور حسن کی مبینہ طور پر متعلقہ میٹر ریڈر سے تکرار ہوئی، جس کے کچھ ہی دیر بعد انہیں دل کا دورہ پڑا۔
حالت تشویشناک ہونے پر انہیں طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں : حیات آباد کے سرکاری پرائمری سکول میں بچوں سے صفائی کروانے پر 5 اساتذہ معطل
متوفی کی لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ منتقل کردی گئی ہے۔ دوسری جانب ورثاء نے متعلقہ میٹر ریڈر، جس کا نام فیاض بتایا جاتا ہے، کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس کو درخواست بھی دے دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ میٹر ریڈر کے خلاف عائد کیے گئے الزامات کی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گی۔
واقعے کے بعد متوفی کے اہلخانہ کی جانب سے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔





