خیبرپختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کی گیس سپلائی معطل کرنے کا فیصلہ

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: خیبرپختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اس حوالے سے حکومتِ خیبرپختونخوا کو باقاعدہ مراسلہ بھی ارسال کردیا گیا ہے۔

ایس این جی پی ایل انتظامیہ کے مطابق آر ایل این جی کی سپلائی چین میں شدید خلل اور عملی مشکلات کے باعث ٹرانسمیشن پائپ لائنز میں گیس کے پریشر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سسٹم میں گیس پریشر کو برقرار رکھنے اور گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سی این جی سیکٹر کو گیس کی سپلائی تا حکمِ ثانی معطل رکھی جائے گی۔

حکام کی جانب سے حکومتِ خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری سے درخواست کی گئی ہے کہ صوبے بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سی این جی اسٹیشنز کی فوری بندش کے لیے ضروری احکامات جاری کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : چارسدہ میں بجلی کے زیادہ بل کی شکایت کیلئے آنے والا 80 سالہ شہری جاں بحق

ایس این جی پی ایل نے خبردار کیا ہے کہ اگر سی این جی اسٹیشنز کو بروقت بند نہ کیا گیا تو ٹرانسمیشن سسٹم میں کم گیس پریشر کا مسئلہ مزید سنگین ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور عوامی بے چینی میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

حکام کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جبکہ سی این جی سیکٹر کی سپلائی بحال کرنے سے متعلق فیصلہ بعد میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top