مانسہرہ: موسیٰ دا مصلہ سے لاپتہ آئرش سیاح الیگزینڈر کی نعش سرچ آپریشن کے بعد برآمد

Pakistan SCO Summit 2026

 

مانسہرہ کے سیاحتی علاقے موسیٰ دا مصلہ سے لاپتہ ہونے والے آئرلینڈ کے شہری الیگزینڈر کی نعش پانچ روز تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد پراچہ کٹھہ کی گہری کھائی سے برآمد کر لی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کے مطابق آئرش سیاح الیگزینڈر 29 اگست 2026 کو اپنے ایک دوست کے ہمراہ موسیٰ دا مصلہ کی جانب روانہ ہوا تھا۔ واپسی کے دوران دونوں ایک دوسرے سے جدا ہو گئےجس پر الیگزینڈر کے دوست نے 30 اگست کو تھانہ نواز آباد مانسہرہ میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔

اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کی خود نگرانی اور عملی قیادت میں ایک نگران سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ اس آپریشن میں 200 سے زائد پولیس اہلکاروں، ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات اور مقامی افراد پر مشتمل ٹیموں نے حصہ لیا۔

دشوار گزار پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات اور انتہائی نامساعد موسمی حالات کے باوجود ٹیموں نے دن رات تلاش جاری رکھی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق الیگزینڈر واپسی کے دوران خراب موسم کی وجہ سے حادثاتی طور پر پراچہ کٹھہ کی گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔ نعش کو قانونی و ضابطے کی کارروائی کے لیے کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ منتقل کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ہزارہ نے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے بتایا کہ متوفی کی فیملی پاکستان پہنچ چکی ہے اور پولیس ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فوربز نے دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی فہرست جاری کردی

انہوں نے سرچ ٹیموں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اعادہ کیا کہ ہزارہ پولیس ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کے لیے کوشاں ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top