فوربز نے دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی فہرست جاری کردی

Pakistan SCO Summit 2026

معروف معاشی مجلے فوربز نے ستمبر 2026ء کے آغاز پر دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی نئی فہرست جاری کر دی ہےجس کے مطابق یکم ستمبر 2026ء تک ان ارب پتیوں کی مجموعی دولت 2.8 ٹریلین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران دنیا کے ٹاپ 10 امیر ترین افراد کی مجموعی دولت میں 200 ارب ڈالر کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

فہرست کے مطابق ٹاپ 10 میں شامل 9 افراد کا تعلق امریکہ سے ہے،جبکہ اسپین کے امانسیو اورٹیگا اس فہرست میں واحد غیر امریکی شخصیت ہیں۔

اس فہرست کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس میں کوئی بھی خاتون شامل نہیں ہے جبکہ 10 میں سے 5 افراد کی انفرادی دولت 200 ارب ڈالر یا اس سے زائد ہے۔

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک 892 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص کے طور پر پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ اگست کے مہینے میں اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ان کی دولت میں 202 ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا۔

گوگل کے شریک بانی لیری پیج 277 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دوسرے جبکہ ایمیزون کے بانی جیف بیزوس 268 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ گوگل کے دوسرے شریک بانی سرگئی برِن 256 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے اور ڈیل ٹیکنالوجی کے سی ای او مائیکل ڈیل 241 ارب ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ 197 ارب ڈالر کے ساتھ چھٹے اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن 193 ارب ڈالر کے ساتھ ساتویں اور اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ 191 ارب ڈالر کی دولت لے کر آٹھویں نمبر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی

مائیکروسافٹ کے اسٹیو بالمر 155 ارب ڈالر کے ساتھ نویں اور فیشن گروپ انڈیٹیکس (زارا) کے بانی امانسیو اورٹیگا 148 ارب ڈالر کے ساتھ دسویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top