وفاقی حکومت کا جماعت اسلامی کیساتھ باقاعدہ مذاکرات کا اعلان کردیا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے کل دوپہر 3 بجے منصورہ لاہور میں اہم مذاکرات ہوں گے۔
وفاقی وزیر کے مطابق حکومتی کمیٹی میں رانا ثنا اللہ اور خواجہ سعد رفیق بھی شامل ہوں گے، جو جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کر کے دھرنے کے خاتمے اور دیگر مطالبات پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔
احسن اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ حالات میں ملک کو دھرنوں اور سیاسی محاذ آرائی کی نہیں بلکہ معاشی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومتی اشارے کا انتظار ہے، ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، بیرسٹر گوہر
انہوں نے زور دیا کہ ملک میں امن اور بہتری کے لیے جلوسوں یا دھرنوں کے راستے کو چھوڑ کر مذاکرات اور باہمی مشاورت سے مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔
احسن اقبال کے مطابق حکومت پُرعزم ہے اور تمام معاملات کو احسن طریقے سے حل کرنے کی نیت سے مذاکرات کی میز پر جا رہی ہے۔





