وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغزستان کا سرکاری دورہ سمیٹ کر وطن واپس پہنچ گئے ہیں، جہاں اس دورے کا ایک یادگار پہلو کرغز صدر صادر ژاپاروف کی جانب سے کی گئی بے مثال مہمان نوازی رہا۔
کرغزستان کے صدر نے پروٹوکول کی روایت سے ہٹ کر خود گاڑی چلائی اور وزیراعظم شہباز شریف کو ایئرپورٹ تک چھوڑنے آئے ۔
کرغز صدر کے اس مہمان نوازی کو سفارتی سطح پر دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے اور مضبوط تعلقات کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
روانگی کے موقع پر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے اپنے دورے کو انتہائی کامیاب قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، جس کے تحت دوطرفہ تجارت کو موجودہ 16 ملین ڈالر سے بڑھا کر اگلے دو سالوں میں 200 ملین ڈالر تک پہنچانے کے تاریخی معاہدے پر باضابطہ دستخط کر دیے گئے ہیں۔





