اسلام آباد، بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تیز بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی سرگرمیاں آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کردی۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق بالائی علاقوں میں 5 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے، تاہم 6 ستمبر سے مون سون کی سرگرمیوں میں بتدریج کمی شروع ہونے کا امکان ہے۔ آج بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور دریاؤں کے بالائی کیچ منٹس میں کہیں کہیں شدید سے بہت شدید بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف ندی نالوں اور دریائے کابل سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے، جن میں اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، جہلم، خوشاب، لاہور، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، نارووال، راولپنڈی، سرگودھا، شیخوپورہ اور سیالکوٹ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : چارسدہ میں پولیس مقابلہ، سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ہلاک

اسی طرح خیبر پختونخوا کے ایبٹ آباد، باجوڑ، بونیر، چارسدہ، مانسہرہ، مردان، نوشہرہ، پشاور، سوات اور دیر سمیت متعدد علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب اور راوی کے بہاؤ میں معمولی اضافے کا امکان ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تربیلا ڈیم اس وقت زیادہ سے زیادہ حفاظتی سطح پر ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ تقریباً 78 فیصد ہے۔ دریائے سندھ کے بعض مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تاہم دیگر بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں۔

محکمہ موسمیات کی سرکاری ویب سائٹ پر روزانہ کی بنیاد پر موسم کی پیش گوئی اور متعلقہ الرٹس بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top