چارسدہ: چارسدہ پولیس کو قتل، اقدامِ قتل، چوری اور سنیچنگ سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاری مجرم صدام عرف صدامے پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ خانمائی کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ دو مشکوک افراد واردات کی غرض سے وردگہ روڈ پر موجود ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس پارٹی فوری طور پر موقع پر پہنچی تو مشتبہ ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے بلیٹ پروف جیکٹس کی وجہ سے فائرنگ سے خود کو محفوظ رکھا، تاہم فائرنگ کے دوران کانسٹیبل شاہ ضمیر کی بلیٹ پروف جیکٹ کو نقصان پہنچا۔
پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بیوروکریسی اور پولیس میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت صدام عرف صدامے ولد گل خان، سکنہ شکر ڈھنڈ سرڈھیری کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم تھانہ سرڈھیری اور تھانہ خانمائی پولیس کو قتل، اقدامِ قتل، چوری اور سنیچنگ سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق صدام عرف صدامے اس سے قبل بھی منشیات، قتل، اقدامِ قتل، چوری اور دیگر سنگین مقدمات میں گرفتار ہوچکا تھا۔ پولیس کی جانب سے ملزم کا مزید کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او چارسدہ رفعت اللہ خان (PSP) نے کہا ہے کہ چارسدہ میں جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز اور بھرپور کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن عناصر کو قانون کے ہاتھوں ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔





