بحرین سے گرفتار ممتازے کی پولیس مقابلے میں ہلاکت،پشاور ہائیکورٹ کا انکوائری کا حکم

Pakistan SCO Summit 2026

کامران علی شاہ
پشاور ہائیکورٹ نے پولیس کو مطلوب ممتاز عرف ممتازے کی بحرین سے گرفتاری کے بعد پشاور میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے معاملے پر ایف آئی اے کو انکوائری کا حکم دے دیا۔

ممتاز عرف ممتازے کی والدہ کی جانب سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل شبیر حسین گگیانی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ممتاز کو بحرین میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے پاکستان لانے کی تیاری کی جا رہی تھی جس پر اس کی والدہ نے تحفظ فراہم کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے ممتاز کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں تاہم پولیس نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ممتاز پولیس کے پاس نہیں اور نہ ہی اسے گرفتار کیا گیا ہے۔

وکیل کے مطابق ایف آئی اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پشاور پولیس کی درخواست پر ممتاز کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے اور انٹرپول کے ذریعے اسے گرفتار کیا گیا۔

شبیر حسین گگیانی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ممتاز کو بحرین سے گرفتار کرکے اسلام آباد ایئرپورٹ لایا گیا اور بعدازاں پشاور میں پولیس مقابلے کے دوران قتل کردیا گیا۔

اس پر جسٹس سید ارشد علی نے استفسار کیا، “اب کیا ہوگا اس میں؟”وکیل نے جواب دیا کہ اس معاملے میں ایف آئی اے انکوائری کرسکتی ہے جس پر عدالت نے ایف آئی اے کو واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

دورانِ سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کی گئی ہے جبکہ پولیس مقابلے میں دو پولیس افسران زخمی ہوئے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یہ ایک خود ساختہ پولیس مقابلہ تھا اور ان کے پاس اس حوالے سے شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں کچھ دستاویزات، ویڈیوز اور آڈیوز ریکارڈ پر لانے کی اجازت دی جائے۔

وکیل نے مزید کہا کہ ممتاز کے اہل خانہ کے پاس اس معاملے سے متعلق متعدد شواہد اور ثبوت موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سونا پھر سستا ہوگیا، فی تولہ قیمت میں کمی

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر کیس کو تفصیل سے سنا جائے گا۔بعدازاں پشاور ہائیکورٹ نے سماعت ملتوی کردی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top