فضل نبی
نوشہرہ: اضاخیل پایان کے قریب اینٹوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی اور مال بردار ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے۔
حادثے کے بعد تین افراد ڈمپر میں پھنس گئے، جنہیں ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسکیو ٹیم نے جدید آلات اور ہائیڈرالک کٹرز کی مدد سے نکال لیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کنٹرول روم نے ایمبولینسز، ڈیزاسٹر اینڈ ریسکیو وہیکل اور خصوصی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کردیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ڈمپر میں پھنسے تینوں افراد کو جدید ریسکیو آلات کی مدد سے باہر نکالا۔
یہ بھی پڑھیں : کرک: شنکئی ڈیم کے قریب پولیس موبائل پر فائرنگ، کانسٹیبل شہید
ریسکیو آپریشن کے دوران ڈمپر سے دو جاں بحق افراد کی نعشیں بھی نکال لی گئیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 50 سالہ جاوید اور 25 سالہ فواد کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کنڈروں کے رہائشی تھے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نوشہرہ ملک اشفاق حسین کے مطابق ریسکیو 1122 کا تمام متعلقہ عملہ جائے حادثہ پر موجود رہا اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہا۔





