کامران علی شاہ
پشاور: تھانہ رحمان بابا کی حدود گڑھی موسم خان میں خواتین سے مبینہ جنسی زیادتی کے افسوسناک واقعے کا پولیس نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی اور واقعے میں ملوث چار مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے ایک شہری کی دو بیویوں کو مبینہ طور پر زبردستی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے فوری قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی رپورٹ اتوار کی صبح تقریباً 4 بجے مدعی کی جانب سے تھانہ رحمان بابا میں درج کرائی گئی، جس کے بعد اعلیٰ پولیس افسران کی ہدایات پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
ایس ایس پی آپریشنز پشاور اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن پشاور کی براہِ راست نگرانی جبکہ ایس پی صدر ڈویژن کی سربراہی میں خصوصی تفتیشی ٹیموں نے جدید سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر تحقیقات شروع کیں۔
ڈی ایس پی رحمان بابا، ایس ایچ او تھانہ رحمان بابا اور تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیموں نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کرتے ہوئے دستیاب شواہد کا جائزہ لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی نشاندہی کے بعد چند گھنٹوں کے اندر کارروائی کرتے ہوئے چاروں مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
خصوصی تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کرکے اہم شواہد بھی اکٹھے کیے، جنہیں مزید قانونی اور سائنسی تجزیے کے لیے محفوظ کرلیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور کے 10 ہزار سے زائد ڈومیسائل مشکوک قرار، چھان بین شروع
ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان کے مطابق واقعے کی جامع اور شفاف تفتیش جاری ہے اور جائے وقوعہ سے حاصل شواہد، گرفتار ملزمان سے تفتیش اور دیگر دستیاب معلومات کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی گنجائش نہیں رکھی جائے گی۔
پولیس حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ خواتین سمیت تمام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور ایسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





