پشاور: پشاور کے مضافاتی علاقے کوہاٹ روڈ پر فرنٹیر روڈ پر واقع سرہ خوارہ پولیس چوکی کے باہر ایک زوردار بم دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس ذرائع اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ پولیس چوکی کے قریب نامعلوم عناصر کی جانب سے نصب کیے گئے دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کا نتیجہ تھا، جسے بظاہر دہشتگردوں نے نشانہ بنایا۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کے نتیجے میں پولیس چوکی کی بیرونی دیوار کو جزوی طور پر نقصان پہنچا، جبکہ اس حملے میں دو پولیس اہلکار (اے ایس آئی عمر خان اور کانسٹیبل عباس) شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں پولیس مقابلہ، انتہائی مطلوب گینگ کے 2 ملزمان ہلاک
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا آغاز کر دیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔





