کوہاٹ حملہ، سکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، پولیس لائنز میں داخل تمام دہشتگرد مارے گئے

کوہاٹ: خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے اور اس کے بعد دہشتگرد حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 23 ہوگئی، جبکہ سکیورٹی فورسز نے پولیس لائنز میں دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مطابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی گزشتہ روز دوپہر سے فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشن میں فرنٹ لائن پر موجود رہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق پولیس لائنز کوہاٹ کی مسجد پر خودکش حملے کے بعد متعدد دہشتگرد اسپیشل برانچ کی عمارت میں داخل ہوگئے تھے، جن کے خلاف سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران متعدد دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی جواد قمر پر گرینیڈ حملہ بھی کیا، جس کے نتیجے میں ان کا ہاتھ زخمی ہوگیا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز دوپہر تقریباً ایک بج کر 20 منٹ پر ہنگو روڈ پر واقع اولڈ پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا، جس کے بعد دہشتگردوں نے پولیس لائنز میں حملہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے میں 21 افراد شہید ہوئے تھے، جن میں 15 پولیس اہلکار اور 6 شہری شامل تھے، جبکہ بعد ازاں مزید زخمیوں کے دم توڑنے سے شہداء کی تعداد 23 ہوگئی۔

شہری شہداء میں چیف ڈسٹرکٹ اسپیشلسٹ پیڈیاٹرکس ڈاکٹر اسرار خان اورکزئی بھی شامل ہیں، جبکہ دیگر شہداء میں لیاقت میموریل اسپتال کوہاٹ سے وابستہ افراد بھی شامل ہیں۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے اور حملے میں 103 افراد زخمی ہوئے، جن میں 73 پولیس اہلکار اور 30 شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو لیاقت میموریل اسپتال اور ڈی ایچ کیو اسپتال کوہاٹ منتقل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 34 زخمیوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا جبکہ 5 مریضوں کا لیپروٹومی آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے مرحلے سے گزرنے والے 4 مریضوں کو مزید علاج کے لیے پشاور کے طبی مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعے میں 5 سے 7 دہشتگرد ملوث تھے۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق مسجد پر دھماکے کے بعد 7 مسلح دہشتگرد پولیس لائنز میں داخل ہوئے، جن کا پولیس اور سی ٹی ڈی نے بھرپور مقابلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ دھماکہ: فائرنگ کا سلسلہ نہ رک سکا، پاک فوج اور پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری

سکیورٹی فورسز کے مطابق پولیس لائنز میں داخل ہونے والے تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے اور کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا۔

دوسری جانب واقعے میں شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ پولیس لائنز کوہاٹ میں ادا کردی گئی، جس میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ پولیس، افواج پاکستان اور سول افسران نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نماز جنازہ کے بعد شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیئے گئے۔

اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ شہداء کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا اور دہشتگردوں پر خیبرپختونخوا کی سرزمین تنگ کردی جائے گی۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جارہا ہے جبکہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Scroll to Top