ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خوارج کے حملے کے بعد شدید جھڑپ ہوئی۔
جھڑپ کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج نے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا، جس پر فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 خوارج مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:ہنگومیں پولیس چوکی پرکواڈ کاپٹر حملے کے بعد آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک،3 زخمی
آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپ میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق اور چکوال کے 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر سمیت 6 اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔





