اسلام آباد: ملک بھر کے منتخب 115 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز آج سے ہوگیا۔
نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، جس کے لیے 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد پولیو ورکرز خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے 13 اضلاع میں ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ کے 30 اضلاع میں ایک کروڑ اور خیبرپختونخوا کے 37 اضلاع میں 73 لاکھ بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : 27 ستمبر کے لانگ مارچ سے بچنے کا نیا منصوبہ، سہیل آفریدی فرمائشی گرفتاری کے لیے لاہور پہنچ گئے
نیشنل ای او سی کے مطابق بلوچستان کے 32 اضلاع میں 23 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، جبکہ اسلام آباد میں 4 لاکھ 47 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے دو اضلاع میں بھی ایک لاکھ 37 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مہم کے دوران پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ویکسین پلائیں گے تاکہ انہیں موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔





