پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے ابتدائی جماعتوں میں طلباء کی بنیادی خواندگی اور عددی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے جماعت اول سے پنجم تک کا نصاب آسان اور مختصر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ نیا نصاب آئندہ تعلیمی سال 2027 سے باقاعدہ نافذ کیا جائے گا۔
ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اینڈ ٹیچر ایجوکیشن (DCTE) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ نیا نصاب گڈ گورنس روڈ میپ کے انٹرنیشن نمبر 18 کے تحت تیار کیا گیا ہے۔
اس نئے نصاب میں جماعت اول تا سوم کے لیے انگریزی، اردو، ریاضی اور جنرل نالج جبکہ جماعت چہارم اور پنجم کے لیے انگریزی، اردو، ریاضی، اسلامیات، جنرل سائنس اور سوشل اسٹڈیز کے مضامین شامل ہوں گے۔
درسی کتب کی تیاری: کے پی ٹیکسٹ بک بورڈ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے نصاب کے مطابق کتب کی تیاری یا ان میں نظرثانی کا عمل مکمل کرے، جبکہ تمام امتحانات بھی اسی نئے نصاب کے تحت لیے جائیں گے۔
منظوری لازمی: سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے صرف وہی کتب استعمال کر سکیں گے جو ڈی سی ٹی ای سے منظور شدہ ہوں گی۔ نجی پبلشرز کے لیے بھی کتابیں یا اضافی مواد چھاپنے سے قبل این او سی (NoC) لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کے سمارٹ لاک ڈاؤن پر تحفظات، محکموں سے تجاویز طلب
تربیتی مواد کی ہم آہنگی: ڈائریکٹوریٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا تربیتی مواد نئے نصاب سے ہم آہنگ کریں۔
واضح رہے کہ نیا نصاب ڈی سی ٹی ای کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل نویں سے بارہویں جماعت تک بھی نیشنل کریکولم آف پاکستان نافذ کیا جا ہے اور ان دونوں نصابوں کا مکمل اطلاق تعلیمی سال 2027 سے ہی ہوگا۔





