وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کوہاٹ واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار فہیم اللہ کے گھر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کرکے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے شہید فہیم اللہ کے والد اکرام اللہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے اہلخانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہید کے لیے بلندیٔ درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
شہید پولیس اہلکار فہیم اللہ تین بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے، ان کی شہادت نے اہلخانہ کو شدید صدمے سے دوچار کردیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ فہیم اللہ جیسے بہادر جوانوں کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ملک کے امن اور سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بڑی قربانیاں دے رہے ہیں اور پوری قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے شہید فہیم اللہ کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔