خیبر پختونخوا حکومت کا زیرتعلیم افغان طلبہ کا ڈیٹا مرتب کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا مکمل ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں تمام سکولوں، کالجوں اور جامعات کو ایک ہفتے کے اندر اندر طلبہ کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں میں بڑی تعداد میں افغان طلبہ زیر تعلیم ہیں، تاہم حکومت کے پاس ان کا مکمل ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ اسی لیے تعلیمی اداروں کو باقاعدہ فارم جاری کیے گئے ہیں جن میں طلبہ کی بنیادی معلومات درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ ان دستاویزات کے مطابق فارم میں ضلع، سکول کا نام، تعلیمی سطح اور دیگر اہم تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ اس کے علاوہ طلبہ و طالبات کی اضافی معلومات بھی فارم کا حصہ ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے تناظر میں تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا ریکارڈ مرتب کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی پالیسی سازی کے لیے درست ڈیٹا دستیاب ہو۔

انتظامیہ نے تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ مدت میں ڈیٹا فراہم کرنے کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ: عوامی نیشنل پارٹی کا احتجاج، افغانستان میں پھنسے طلبا کی واپسی کا مطالبہ

Scroll to Top