فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سعودی وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ریاض: فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون مزید بڑھانے اور دوطرفہ عسکری تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزارت دفاع کے مطابق ملاقات میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے رکن ممالک کے عسکری سربراہان کے حالیہ اجلاس کا خیرمقدم کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مکہ مکرمہ اور سعودی عرب میں شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ فریقین نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ایسے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں سعودی وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور سعودی وزیر دفاع کے انٹیلی جنس امور کے مشیر ہشام بن عبدالعزیز بن سیف بھی شریک ہوئے، جبکہ پاکستان کے اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

خیال رہے کہ سعودی دارالحکومت ریاض میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیفس آف جنرل اسٹاف کا اجلاس بھی ہوا، جس میں سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی صورتحال اور خطرات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سعودی چیف آف جنرل اسٹاف اور ترکیہ کے اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے مقدس شہر مکہ مکرمہ سمیت شہری اور معاشی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی، جبکہ سعودی مسلح افواج کی عوام کے تحفظ اور مملکت کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے پیشہ ورانہ کارکردگی اور مستعدی کو بھی سراہا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پاک سعودی دوستی اب مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں بدل رہی ہے، وزیراعظم

اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی مسلح افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ شرکاء نے انٹیلی جنس شیئرنگ، عسکری رابطہ کاری اور دفاعی صلاحیتوں کے انضمام کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔

تینوں ممالک نے دفاعی تعاون اور اجتماعی دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عوام اور مسلح افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات اور باہمی اعتماد کو بھی سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ریاض میں ہونے والا اجلاس مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت دفاعی شراکت داری مضبوط بنانے کی عکاسی کرتا ہے۔ شرکاء نے معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں کو فوری اور مؤثر عسکری تعاون میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں میں تیزی کی اطلاعات ہیں۔ حوثیوں نے جمعرات کو سعودی اہداف پر درجنوں میزائل اور ڈرون داغنے کا دعویٰ کیا، جبکہ سعودی حکام کے مطابق حوثی جنگجوؤں کی جانب سے فائر کیے گئے 6 بیلسٹک میزائلوں کو مار گرایا گیا۔

Scroll to Top