اسلام آباد: وفاقی بیوروکریسی میں تقرر و تبادلوں کے ساتھ مختلف افسران کے کنٹریکٹ میں توسیع اور اضافی ذمہ داریاں تفویض کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر ڈاکٹر حامد عتیق سرور کی ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ممبر (اسٹریٹجک ٹرانسفارمیشن) کے عہدے پر کنٹریکٹ تقرری میں مزید ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق توسیع 18 اگست 2026 سے ایک سال کے لیے مؤثر ہوگی۔
دوسری جانب ایڈیشنل سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سید معظم علی کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ اضافی طور پر ریکٹر، نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی لاہور کا کرنٹ چارج بھی تفویض کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جوائنٹ سیکریٹری داخلہ ڈویژن اخلاق احمد قریشی کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کے ڈسپوزل پر موجود اعجاز احمد باجوہ کو تبدیل کرکے جوائنٹ سیکریٹری، پیٹرولیم ڈویژن تعینات کردیا گیا ہے۔
اسی طرح پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 19 کے افسر اسد علی خان، جو سندھ حکومت میں تعینات تھے، کا تبادلہ کرکے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل کا پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ، آپریشنل تیاریوں اور سرحدی انتظامات پر بریفنگ
دریں اثنا ڈپٹی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن طاہرہ سلیم کو دو سال کے لیے بیرون ملک تعلیمی رخصت پر روانگی کے باعث اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی کردیا گیا ہے۔
دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق خیبرپختونخوا محکمہ صحت کی میڈیکل افسر ڈاکٹر صالحہ سید کی خدمات تین سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر فیڈرل میڈیکل کالج اسلام آباد کے سپرد کردی گئی ہیں۔
پنجاب حکومت کے گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سینٹر میں سائیکالوجسٹ ماریہ حسن کی خدمات بھی تین سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر بطور لیکچرار فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (کینٹ اینڈ گیریژن) ڈائریکٹوریٹ، راولپنڈی کے سپرد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔





