شہباز شریف جدہ پہنچ گئے، گورنر شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلاوی نے استقبال کیا

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اپنے 4 روزہ سرکاری دورے پر اپنے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم کا استقبال سعودی عرب کے گورنر شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلاوی اور پاکستانی سفیر احمد فاروق نے جدہ ایئرپورٹ پر شاندار انداز میں کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب میں 19 سے 22 مارچ تک اہم ملاقاتیں کریں گے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا، معاشی تعاون کو بڑھانا اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت اہم وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام بھی سعودی عرب پہنچے ہیں۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں رہنما تجارت، اہم شعبوں میں شراکت داری اور وسیع تر اقتصادی تعاون پر بات چیت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں سعودی عرب، امارات سمیت 8 ممالک سے 40 پاکستانی بے دخل

 اس کے علاوہ، ملاقاتوں کے دوران غزہ کی صورت حال، مشرق وسطیٰ میں جاری تبدیلیوں اور امت مسلمہ کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ سعودی عرب میں سیاسی، اقتصادی اور اجتماعی سطح پر نئے مواقع کی راہیں کھول سکتا ہے۔

Scroll to Top