ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑی کمی، صارفین کیلئے خوشخبری

اگر آپ ہائبرڈ گاڑی خریدنے کا ارادہ رکھتے تھے لیکن بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث فیصلہ مؤخر کردیا تھا تو اب صارفین کیلئے ریلیف کی خبر سامنے آگئی ہے۔ پاکستان میں ہائبرڈ الیکٹرک وہیکلز (HEVs) کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

حکومت کی جانب سے 2000 سی سی تک کی گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس (GST) کی شرح 25 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کردی گئی تھی، جس کا اطلاق 13 ستمبر سے ہوا۔

تاہم گاڑیوں کے اسمبلرز کی جانب سے قیمتوں میں کمی کا اعلان تقریباً دو ہفتے بعد کیا گیا، جس کے بعد اب صارفین کو اس کمی کا فائدہ ملنا شروع ہوگیا ہے۔

ہونڈا اٹلس کارز نے اپنی مقبول ہائبرڈ SUV، HR-V e:HEV کی قیمت میں ایک کروڑ 7 لاکھ روپے کی کمی کردی ہے۔ کمپنی کے مطابق گاڑی کی قیمت جو پہلے ایک کروڑ 3 لاکھ 69 ہزار روپے تھی، اب کم ہوکر 92 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

ہونڈا کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ HR-V e:HEV کی نئی قیمت محدود اسٹاک اور محدود مدت کیلئے مقرر کی گئی ہے۔ نئی قیمت صرف ان گاڑیوں کے انوائسز پر لاگو ہوگی جو 25 ستمبر یا اس کے بعد بنائے گئے ہوں گے۔

دوسری جانب انڈس موٹر کمپنی نے بھی اپنی ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کردی ہے۔ کمپنی نے کرولا کراس HEV X کی قیمت میں 5 لاکھ 70 ہزار روپے کمی کرتے ہوئے نئی قیمت 97 لاکھ 29 ہزار روپے مقرر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سوزوکی کلٹس VXL AGS کی قیمت اور آسان اقساط کی تفصیلات جاری

اسی طرح کرولا کراس HEV کی قیمت میں بھی 5 لاکھ 50 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد گاڑی کی نئی قیمت 92 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

تاہم قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود کرولا کراس کی موجودہ قیمتیں جولائی سے پہلے کی قیمتوں کے مقابلے میں اب بھی زیادہ ہیں۔ جولائی میں گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس 8.5 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کیے جانے کے بعد قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ موجودہ کمی کو اسی اضافے کے ایک حصے کی واپسی قرار دیا جا رہا ہے، مکمل کمی نہیں۔

ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے پس منظر میں آٹوموٹو انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ پالیسی 2021-26 کا اختتام بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ پالیسی 30 جون کو ختم ہوچکی ہے جبکہ نئی آٹو پالیسی تاحال سامنے نہیں آسکی، جس کے باعث آٹو انڈسٹری میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہی۔

چیری ماسٹر کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ سید آصف احمد کے مطابق 25 فیصد جی ایس ٹی کے باعث گاڑیوں کی طلب میں نمایاں کمی آئی تھی اور صارفین حکومتی فیصلے کے انتظار میں اپنی خریداری مؤخر کرتے رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جی ایس ٹی کی شرح 18 فیصد ہونے کے بعد اب گاڑیوں کی فروخت میں بہتری آنے کی امید ہے۔

حالیہ قیمتوں میں کمی کے بعد ہائبرڈ گاڑی خریدنے کے خواہشمند صارفین کیلئے کچھ ریلیف پیدا ہوا ہے، تاہم ہونڈا کی جانب سے HR-V e:HEV پر دی گئی نئی قیمت محدود اسٹاک اور محدود مدت کیلئے ہے۔

Scroll to Top