سہیل آفریدی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد؟ عمران خان کا اہم پیغام سامنے آگیا

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے متعلق اپنی بہن نورین نیازی کو اہم پیغام دیا ہے، جس میں 27 ستمبر کے اسلام آباد مارچ اور ممکنہ تحریکِ عدم اعتماد کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے نورین نیازی سے گفتگو کے دوران سہیل آفریدی کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ سہیل آفریدی نے ان کے لیے کچھ نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے اپنے وکیل کے ذریعے بھی پیغام بھجوایا تھا کہ سہیل آفریدی وزارتِ اعلیٰ چھوڑ دیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران نورین نیازی نے عمران خان کو بتایا کہ سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔

نورین نیازی نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف بعض ارکانِ صوبائی اسمبلی کا ایک گروپ موجود ہے، جسے ذرائع نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے منسلک قرار دیا۔

عمران خان نے مبینہ طور پر دریافت کیا کہ کتنے ایم پی ایز سہیل آفریدی کے خلاف ہیں، جس پر انہیں تقریباً 35 ارکان کی تعداد بتائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : جنید اکبر کی زبان بتا رہی ہے کہ عمران خان نے ان کو کیا سبق پڑھایا ہے، وزیر دفاع

ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ اگر سہیل آفریدی 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ لے کر نہیں آتے تو ان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لائی جائے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو بھی پیغام دینے کی ہدایت کی کہ سہیل آفریدی کے اسلام آباد نہ آنے کی صورت میں ان کے خلاف عدم اعتماد کی کارروائی کی جائے۔

ذرائع کے مطابق نورین نیازی کی جانب سے یہ پیغام سہیل آفریدی تک پہنچایا گیا، جس کے بعد پروگرام میں مزید تبدیلیاں کی گئیں۔

دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ایک سول افسر نے بعض ارکان اسمبلی اور اہم کارکنوں کے نام اور ان کے ٹھکانوں سے متعلق معلومات متعلقہ اداروں تک پہنچائیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سہیل آفریدی سے ایک اہم وفاقی وزیر مسلسل رابطے میں ہیں اور موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت جاری ہے۔

Scroll to Top