شبمن گل کی ویسٹ انڈیزکے خلاف تاریخی ڈبل سنچری،نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

بھارتی کپتان شبمن گل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف گوہاٹی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 117 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کر کے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا تیز ترین ڈبل سینکڑا بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

شبمن گل ون ڈے کیریئر میں دوسری بار یہ اعزاز حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں جس کے بعد وہ روہت شرما کے بعد ایک سے زائد ڈبل سنچریاں بنانے والے دنیا کے دوسرے بیٹر بن گئے ہیں۔

شبمن گل نے اپنی اس تاریخی اننگز کے دوران 24 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 200 رنز مکمل کیے۔ اس سے قبل انہوں نے محض 62 گیندوں پر اپنی 11ویں ون ڈے سنچری مکمل کی تھی جس میں 10 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ 62 گیندوں پر سنچری بنا کر انہوں نے بطور بھارتی کپتان تیز ترین ون ڈے سنچری کا روہت شرما کا ریکارڈ (63 گیندیں) بھی توڑ دیا۔

ویسٹ انڈیز کے 406 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں انہوں نے روہت شرما کے ساتھ مل کر 192 رنز کی شاندار اوپننگ شراکت قائم کی۔ بھارت میں کھیلی جانے والی یہ ان کی مسلسل تیسری ون ڈے سنچری بھی ہے جس کے بعد وہ بھارت میں مسلسل سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں ویرات کوہلی اور اے بی ڈی ویلیئرز (4، 4 سنچریاں) کے بالکل قریب پہنچ گئے ہیں۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے گوہاٹی کے برساپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 405 رنز کا اپنا سب سے بڑا ون ڈے مجموعہ کھڑا کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایل پی جی صارفین کے لیے بری خبر، فی کلو قیمت میں بڑا اضافہ

ون ڈے تاریخ میں یہ محض چھٹا موقع تھا جب ایک ہی اننگز میں تین بیٹرز نے سنچریاں بنائیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جان کیمبل نے 101، کپتان شائے ہوپ نے 104 اور امیر جنگو نے 114 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، تاہم شبمن گل کی تاریخ ساز بیٹنگ نے اس مقابلے کو یادگار بنا دیا۔

Scroll to Top