فیول ریلیف سکیم سے اب تک کتنے لوگ مستفید ہوئے؟

فیول ریلیف سکیم سے اب تک 75 لاکھ شہری فائدہ اٹھا چکے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے  بروقت اقدامات سے شہری فیول سبسڈی سے مستفید ہو رہے ہیں،  اب تک 75 لاکھ شہری سکیم سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، وزیراعظم کو بریفننگ میں بتایا گیا کہ پیٹرول سبسڈی کے آغاز سے آج تک جاری کردہ 1 کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز میں سے 1 کروڑ 3 لاکھ ٹوکنز استعمال  ہوچکے ہیں ۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت فیول ریلیف سکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے پٹرولیم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں کم آمدن اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے  بروقت اقدامات سے  شہری فیول سبسڈی سے مستفید ہو رہے ہیں،  15 ستمبر سے اب تک کے مختصر دورانیے میں 75 لاکھ سے زائد شہریوں کا ریلیف سکیم سے مستفید ہونا باعث اطمینان ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی سکیم پر عملدرآمد میں پوری حکومتی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیول  سبسڈی سکیم پوری حکومتی مشینری کے مؤثر، مربوط تعاون اور مشترکہ کاوشوں کی بہترین مثال ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی سکیم کی پیشرفت کے حوالے بتایا گیا کہ پیٹرول سبسڈی سکیم کے تحت اب تک 84 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ  اور 75 لاکھ سے زائد شہری سکیم سے مستفید ہو چکے ہیں۔

بریفننگ میں بتایا گیا کہ پیٹرول سبسڈی کے آغاز سے آج تک جاری کردہ 1 کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز میں سے 1 کروڑ 3 لاکھ ٹوکنز استعمال  ہوچکے ہیں جبکہ 15 ستمبر سے آغاز کے بعد یہ سکیم اب  تیسرے ہفتے میں داخل ہورہی ہے۔

حکام نے بتایا کہ پہلی اور  دوسری مرتبہ فیول سبسڈی حاصل کرنے والے شہری اب اگلے ہفتے کی سبسڈی حاصل کرسکیں گے۔

ملک بھر کے 129 اضلاع میں پیٹرول سبسڈی سکیم پر عملدرآمد جاری ہے اور تمام پیٹرول پمپس شہریوں کو فیول سبسڈی سکیم کے تحت سہولت فراہم کررہے ہیں۔

Scroll to Top