کابینہ سے منظوری کے باوجود پولیس ایکٹ 2026 اسمبلی نہ پہنچ سکا

پشاور: خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ 2026 کا معاملہ ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوگیا، کابینہ سے منظوری کے باوجود حتمی مسودہ تاحال تیار نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق 23 ستمبر کو ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پولیس ایکٹ 2026 کے مسودے کی منظوری دی گئی تھی، تاہم کابینہ اجلاس کے میٹنگ منٹس تاحال جاری نہ ہونے کے باعث محکمہ قانون مسودے کو حتمی شکل دے کر صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ارسال نہیں کرسکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس کے میٹنگ منٹس جاری نہ ہونے کی وجہ سے پولیس ایکٹ 2026 پر قانون سازی کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا۔

کابینہ سب کمیٹی کے ایک رکن کی جانب سے رپورٹ پر دستخط کیے جانے کے بعد میٹنگ منٹس جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھرتیوں کی تحقیقات مکمل، سرکاری جامعات کے لیے اہم فیصلہ متوقع

میٹنگ منٹس جاری ہونے کے بعد محکمہ قانون پولیس ایکٹ 2026 کے مسودے کو حتمی شکل دے گا اور اسے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ارسال کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ پولیس ایکٹ 2026 تیار کرکے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھیج دیا گیا ہے، تاہم صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے اب تک پولیس ایکٹ کا مسودہ موصول نہیں ہوا۔

یوں صوبائی کابینہ سے منظوری کے باوجود پولیس ایکٹ 2026 کی قانون سازی کا معاملہ فی الحال رکا ہوا ہے اور حتمی مسودہ اسمبلی سیکرٹریٹ کو ارسال کیے جانے کا مرحلہ ابھی باقی ہے۔

Scroll to Top